ہائیرایجوکیشن کمیشن نے آن لائن امتحانات کا معاملہ یو نیورسٹیوں پر چھوڑ دیا

اسلام آباد(نا مہ نگار)ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے آن لائن امتحانات کا معاملہ یو نیورسٹیوں پر چھوڑتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ منصفانہ نتائج  یقینی بنانے کے لیے جامعات کو اپنی استعداداور ضرورت کے موافق امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کر نا چاہیئے۔ کچھ جامعات کے طلباء کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات کہ امتحانات آن لائن منعقدکیے جائیں کا نوٹس لیا ہے۔ کورونا وباء اور یکم فروری 2021سے جامعات کھلنے سے متعلق مشکلات کے پیش نظر تمام صوبہ جات اور علاقوں سے وائس چانسلر حضرات کی مشاورت سے طلباء کے خدشات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ امتحانات کے حوالے سے ایچ ای سی کی رہنمائی(Guidance)  اس لنک http://www.hec.gov.pk/english/HECAnnouncements/Documents/nCoVirus/Assessmens-Examinations.pdf  پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ اس پالیسی میں ایچ ای سی نے پہلے ہی جامعات کو امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی صوابدید کو بروئے کار لانے کی اجازت دی ہے، یعنی جامعات آن کیمپس یا آن لائن امتحانات میں سے جس طرز پر طلباء کی کارکردگی کو منصفانہ طور پر پرکھ سکتی ہیںاختیار کریں۔جامعات اپنی  ’’امتحان کے انعقاد کی تیاری(Exam Readiness)‘‘  یعنی تکنیکی تیاری، انتظامی استعداد، اورمشتہر پالیسی کا خیال رکھیں اور طلباء کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے ممکنہ طور پر بہترین طرز کا انتخاب کریں۔ آن لائن امتحانات کے انعقاد کی صورت میں  جامعات یا تو  ’اوپن بُک امتحان‘  منعقد کرسکتی ہیں ،یا پھر ایسے امتحانی ماحول جس میں  طلباء کی نگرانی ممکن ہو امتحان کا انعقاد کر سکتی ہیں۔ اس طرز میں جامعات کو Turnitinسافٹ ویئر کا استعمال بھی کرنا ہو گا تاکہ ویب پر موجود مواد اور طلباء کے جوابات میں باہم مماثلت کو پرکھا جاسکے۔ مزید یہ کہ جہاں ضروری ہو امتحانی عمل میں وائیوا (Viva)یا زبانی امتحان کو بھی شامل کیا جاسکتاہے۔ آن کیمپس امتحان کا انعقاد کورونا سے بچائو کی تمام حفاظتی تدابیرپر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن