ملتان (نیوز رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو اقبالی بیان پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ اس سزا سے ملزم کو سدھرنے کا نادر موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ جیل میں پیشہ ورانہ ملزمان کے ساتھ رہنے کی بجائے اپنی زندگی کو معمول پر لائے اور آئندہ ایسے جرم سے باز رہے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ بوہڑ گیٹ کے مطابق ملزم حنیف کے خلاف دو سال قبل مقدمہ نمبر 197 درج کیا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم کو مشکوک جان کر تلاشی لی گئی جس کے قبضے سے 340 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔ تاہم ملزم کے اعتراف جرم پر اسے پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دے دیا گیا ہے۔