سری نگر +اسلام آباد(کے پی آئی+ نوائے وقت رپورٹ+سپیشل رپورٹ) سری نگر کی جامع مسجد کے دروازے پر پاکستانی پرچم لگا دیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے یوم جمہوریہ پر سری نگر میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔ پاکستانی پرچم سری نگر کی جامع مسجد کے دروازے پر لگایا گیا۔ کشمیری میڈیا سروس نے بتایا کہ وادی میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی‘ تاہم ان کی موجودگی میں ہی کشمیری نوجوانوں نے پاکستانی پرچم لگایا اور کشمیریوں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منایا۔ پاکستان نے پھر بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں غیرانسانی فوجی محاصرے کو فوری ختم کرے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک ٹویٹ میں کشمیر میں سیاسی صورتحال کے بارے میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی بحث کی ایک وڈیو پوسٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی غیر جانبدارانہ آوازیں بھارتی حکام پر زور دیتی ہیں کہ وہ اپنے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرے۔ ارکان پارلیمنٹ نے ویڈیو میں انسانی حقوق کی تمام ایسی خلاف وزیوں کو عالمی سطح پر تشویش کا باعث قرار دیا۔ وزیراعظم عمران خان 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کوٹلی لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پرکشمیریوں کے ساتھ منائیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے بھارتی فوج کے ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک تین بھارتی فوجی شدید زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر کے وسیع علاقے کا محاصرہ کرکے فوجی آپریشن شروع کردیا ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا صورہ سرینگر کا رہائشی نادف حنیف خان ہسپتال میں دم توڑگیاے بارہ مولا میں بھارتی فوج نے ایک گرنیڈ برآمد کرنے کا دعوی کیا۔ کے پی آئی کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے شمسی پورہ علاقے میں بدھ کی صبح مجاہدین کے ایک حملے میں قابض فوج کے چار اہلکار زخمی ہوگئے۔ قابض فوج کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیا کہ عسکریت پسندوں نے ایک فوجی پارٹی پر گرنیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سرینگر میں قائم فوج کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والا ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔ وادی کے کئی علاقوں کو فوج نے محاصرہ میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کررکھا ہے لوگوں کو سخت سردی میں گھروں سے باہر نکالا جاتا ہے اور ان کی شناخت پریڈ کے علاوہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کئی مقامات پرکشمیریوں نے بھارتی فوج کے ان مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے ہیں۔