ثقافت ہماری بہترین سفارتکاری کی بنیاد بن سکتی ہے:خیال احمد کاسترو

Jan 28, 2021

لاہور(کلچرل رپورٹر)ہماری ثقافت دنیا بھر میں ہماری بہترین سفارت کاری کی بنیاد بن سکتی ہے۔ اس بدلتے دور میں ثقافت ہماری سب سے وا ضح پہچان اورسب سے بڑی طاقت ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے ثقافتی پالیسی پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کہ ثقافت اور اس سے وابستہ ہر پہلو کو پورے صوبے میں نچلی سطح تک متعا رف کروائیں گے۔  ثقافت کے تمام شعبوں میں معیار اور ترقی کیلئے معقول اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ثقافتی پالیسی کلچر کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں کا باعث بنے گی۔ نئی ثقافتی بنیاد رکھنے کیساتھ ساتھ آرٹ اور آرٹسٹوں کے مسائل کو جاننے اور ان کو حل کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔وزیر ثقافت پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور نے کلچر پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات وثقافت نے کلچر پالیسی کا مسودہ تیارکر لیا، جلد منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا۔ یہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی کلچر پالیسی ہو گی جو ایک  تاریخی عمل ہے۔ کلچر پالیسی سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ غربت میں بھی کمی  ہو گی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پلاک ڈاکٹر صغرا صدف ، ڈائریکٹر میوزیم اعجاز احمد، چیئرمین باب پاکستان ندیم قریشی اورایگزیکٹو ڈائریکٹر پکار رضوان شریف نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں