لاہور ( وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کے ساتھ فیصل آباد اور بہاولپور کی بار ایسوسی ایشنز کے وفود کی ملاقاتیں, دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کے ساتھ ضلعی بار ایسوسی ایشنز فیصل آباد اور بہاولپور کے وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ ملک مشتاق احمد اوجلہ اور صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن طاہر نصراللہ وڑائچ بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے دونوں بار ایسوسی ایشنز کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی، ملاقاتوں میں وکلاءاور سائلین کی فلاح کےلئے ہر ممکن اقدامات کرنے اور غیر ضروری ہڑتال کلچر کے خاتمے کا اعادہ کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کا کہنا تھا کہ ہمارا اولین مقصد صوبے کی عوام کو جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے جس کے لئے وکلاءکا ساتھ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءکی مثبت معاونت کی بدولت بہترین انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔