اسلام آباد(نمائند نوائے وقت)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے گھر سے ناراض ہوکر بھاگے ہوئے 3بچوں کو گھر والوں سے ملوا دیا۔ایک اور واقعہ میں 11 سالہ بچی کو چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے حوالے کر دیا گیا۔موٹروے پولیس کاپبلک سروس وہیکل کے ڈرائیورز کے ہمراہ روڈ سیفٹی واک کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ3 بچے جو کہ کوہستان کے رہائشی ہیں گھرسے ناراض ہوکر لاپتہ ہیں ۔ اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس کو الرٹ کر دیا گیا۔ دوران چیکنگ مانسہرہ مین ٹول پلازہ پر ایک نجی کمپنی کی بس میں تینوں بچے کراچی کی جانب سفر کرتے ہوئے پائے گئے۔ جن سے پوچ گچھ کرنے پر تسلی بخش جواب نہ دیتے ہوئے موٹروے پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر ان کے والدین کو اطلاع کر دی ۔بعدازاں قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد بچوں کو ان کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا جس پر انہوں نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح ایک اور واقعہ میں موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ 11 سالہ ایک بچی موٹروے پر موجود ہے جس پر موٹروے پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے حوالے کر دیا۔ ایک اور موقع پر موٹروے پولیس کی جانب سے ایک نجی کمپنی کے پبلک سروس وہیکل ٹرمینل راولپنڈی میں روڈ سیفٹی واک کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں موٹروے پولیس کے افسران، منیجرز ٹرانسپورٹرز اور بڑی تعداد میں بس ڈرائیورز نے شرکت کی ۔ شرکاء نے روڈ سیفٹی بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر روڈ سیفٹی کے پیغامات آویزاں تھے۔ اس موقع پر انسپکٹر عمران عباس نے شرکاء کو روڈ سیفٹی پر ایک مفصل لیکچر بھی دیا۔