ہسپتال کے نام پر مانگے پیسے پی ٹی آئی فنڈ میں جاتے رہے: مریم نواز

Jan 28, 2022

لاہور (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ثابت ہو چکا ہسپتال کے نام پر مانگے گئے پیسے پی ٹی آئی فنڈ میں جاتے رہے۔ پارٹی فنڈ کے پیسے ذاتی اکاؤنٹ میں اور عوام کے پیسے ان کی جیبوں میں جاتے رہے۔ یہ اخلاقی‘ مذہبی اور قانونی طور پر انتہائی گھناؤنے جرائم ہیں۔ ان جرائم کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا۔ انہوں نے الیکشن کمشن کی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت لائیو دکھانے اور ریکارڈ سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ڈونر کو بطور پارٹی ڈونر سکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں ڈالنا خوفناک انکشاف ہے۔ 35  فیصد ڈونرز نے پاکستان تحریک انصاف کو چندہ نہیں دیا تھا۔ جعلسازی سے ان 35 فیصد ڈونرز کی فہرست کو فارن فنڈنگ کی فہرست میں ڈالا گیا۔ عمران صاحب نے خیراتی ادارے کو منی لانڈرنگ اور سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے شوکت خانم کے چندے کو سیاسی فنڈز میں بدل کر جرم کیا۔ کرپشن، منی لانڈرنگ، غیرملکی غیرقانونی سرمائے کی تفصیل خفیہ رکھی جا رہی ہے۔ الیکشن کمشن کے حکم کے مطابق سٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے۔ عمران نے پارٹی ملازمین کے نجی اکائونٹس میں رقوم منگوائیں، وزیر اعظم کے غیرملکی بینکوں میں اکائونٹس کی تفصیل آنا باقی ہے۔ الیکشن کمشن روزانہ کی بنیاد پر فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے۔

مزیدخبریں