اپوزیشن کے صرف دعوے ، عوام استعفے ، لانگ مارچ کی باتوں سے تنگ آچکے : عثمان بزدار 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے پہلے کرونا پر سیاست چمکائی پھر ڈینگی پر۔ کرونا وباء کے دوران اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ عمران کی قیادت میں حکومت نے کرونا سے نمٹنے کیلئے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں اور حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے باعث دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں کرونا کا پھیلائو کم ہوا۔ وزیراعظم کے انسداد کرونا کے موثر اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔ اپوزیشن بھی وہ ملی ہے جو صرف بیان بازی اور پراپیگنڈا کرنے کی ماہر ہے۔ ہر ایشو پر پوائنٹ سکورنگ ان کا شیوہ ہے۔ اپوزیشن والے صرف ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر دعوے کرسکتے ہیں۔ ان میں استعفے دینے کی ہمت ہے نہ یہ مارچ کرسکتے ہیں۔ عوام استعفے اور لانگ مارچ کی باتیں سن کر لوگ تنگ آچکے ہیں ۔ عوام کے مسترد شدہ عناصر کے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کرونا کے کیسوں میں اضافے پر تشویش ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ ماسک پہننا ضروری ہے اور ماسک کا استعمال ہر شہری کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ عثمان بزدار نے پاکستان سپرلیگ7 کے آغاز سے قبل ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے میچزکیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے اور میچوں کیلئے سوفیصد فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے صحافی جاوید اقبال کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن