اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران عصر حاضر کے تغیراتی جیوسٹریٹیجک و جیو پولیٹیکل ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے چین کے آئندہ دورے کی مناسبت سے سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان کے دوست ملک چین کے ساتھ تعاون اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں سمارٹ انڈکشنز کے ذریعے "پی اے ایف ماڈرنائزیشن پروگرام" سے متعلق امور پر معلومات فراہم کیں۔ ملاقات میں دونوں پڑوسی ممالک کے مابین دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ نے پی اے ایف کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن ایئر فورس کے طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ انہوں نے قائد اعظم کے وڑن "سیکنڈ ٹو نن" پر عمل پیرا پاک فضائیہ کو ملک کا ناقابل تسخیر دفاع فراہم کرنے پر سراہا۔ اس موقع پر ائیر چیف نے دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں وزارت خارجہ کے کردار کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات
Jan 28, 2022