ٹرانسپرنسی رپورٹ حکومت کیخلاف چارج شیٹ کی حیثیت رکھتی ہے: اشرف جلالی 

لاہور(خصوصی نامہ نگار )تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ کرپشن فری سوسائٹی کا نعرہ لگا کر حکومت میں آنے والوں کے لیے ٹرانسپرنسی رپورٹ چارج شیٹ کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومتوں میں آ گھسنے والے شہزاد اکبر اور زلفی بخاری جیسے غیر منتخب لوگوں کا راستہ روکنے کے لیے قانون سازی کی جائے۔ یہ لوگ دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹتے ہیں، منصب کا غلط استعمال کرتے ہیں اور بڑی آسانی سے روپوش ہو جاتے ہیں۔ پاکستانی عوام اسے نجات دہندہ سمجھیں گے جو خود کرپشن سے پاک ہو اور کرپٹ لوگوں کا کڑا احتساب کرے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے مقتدر اداروں کو مشترکہ طور پر جامع پالیسی بنانی چاہیے۔ اگر صرف چند کرپٹ مگر مچھوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے تو سارے نظام کی تطہیر ہو سکتی ہے۔ یہاں لوگ کرپشن ختم کرنے کے نعرے پر اقتدار میں آتے ہیں اور کرپشن کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر کے اور ملک کو مزید ڈبو کے چلے جاتے ہیں۔ موجودہ حکومت پہلے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ احتساب کے بلند بانگ دعوے تو کیے جاتے ہیں مگر حقیقی طور پر کوئی قابل ذکر کارکردگی سامنے نہیں آ سکی۔ آج مختلف مافیاز کے سامنے حکومت کی بے بسی سے عوام مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔ملک میں کرپشن بڑھنے کے عوامل میں ایک بڑا سبب خود حکومت ہے۔

ای پیپر دی نیشن