اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) امریکی بحریہ کے جہازSQUALL PC-7 اور PC-11 WHIRLWIND نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے ساتھ دو طرفہ مشقوں کا انعقاد کیا۔ کراچی پورٹ پہنچنے پر پاک بحریہ کے اعلی حکام اور امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں نے روایتی گرمجوشی کے ساتھ امریکی بحریہ کے جہازوں کا استقبال کیا۔ دور ے کے دوران باہمی ملاقاتوں اور مختلف نشستوں کے ذریعے دو طرفہ مشق اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشقوں میںبحری جہاز، فضائی اثاثے اور سپیشل سروس گروپ کے دستوں نے حصہ لیا۔ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا، بحری تعلقات کو مضبوط بنانا اور باہمی تعاون کو وسعت فراہم کرنا تھا۔ مشق کے اختتام پر دونوں بحری افواج کے جہازوں نے مشترکہ گشت کیا۔ امریکی بحریہ کے جہازوں کا کراچی کا دورہ اور دو طرفہ مشقیں علاقائی امن کے قیام کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ توقع ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص موجودہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔