اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق عصر حاضر کے تغیراتی جیوسٹریٹیجک و جیو پولیٹیکل ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے چین کے آئندہ دورے کی مناسبت سے سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان کے دوست ملک چین کے ساتھ تعاون اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں سمارٹ انڈکشنز کے ذریعے "پی اے ایف ماڈرنائزیشن پروگرام" سے متعلق امور پر معلومات فراہم کیں۔ ملاقات میں دونوں پڑوسی ممالک کے مابین دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ نے پی اے ایف کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن ایئر فورس کے طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ائیر چیف نے دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں وزارت خارجہ کے کردار کی تعریف کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔ جس کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، چین کے ساتھ سی پیک سمیت مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے اور معاشی استحکام کیلئے ہم نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی۔ اس ٹاسک فورس کی کئی نشستیں ہوئیں جن کی سربراہی وزیر اعظم عمران خان نے خود کی۔ ان نشستوں میں تفصیلی مشاورت ہوئی اور تمام سٹیک ہولڈرز کا نقطہ نظر شامل کیا گیا۔ ہماری خارجہ پالیسی کا فوکس، اقتصادی سفارت کاری پر ہے جس سے معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی مقصود ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے یقیناً سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔