ٹرانسپرنسی رپورٹ نے وزیراعظم کی مصنوعی ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا: جاوید قصوری 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے عمران خان اور اور اس کے وزیروں، مشیروں کی مصنوعی ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ 90دن میں کرپشن ختم کرنے کی دعویدار عمران خان کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں پاکستان، کرپشن کی رینکنگ میں 24درجے کی ترقی کرگیا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ وزیر اعظم ان کی ٹیم اپنی نا اہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنے کی بجائے عجیب و غریب تاویلیں قوم کے سامنے پیش کررہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے ڈھٹائی اور بے حسی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ نے پی ٹی آئی کا کرپشن کا بیانیہ دفن کردیا ہے۔ قانون کی حکمرانی اور کرپشن فری پاکستان کے لیے اسلامی، انقلابی اور دیانتدار قیادت ہی واحد حل ہے جو کہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی فراہم کرسکتی ہے۔ سپریم کورٹ جیسے ادارے نے بھی جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو صادق و امین قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار، اداروں کی تباہی کے حوالے سے پی ٹی آئی، نون لیگ اور پیپلز پارٹی میں چہروں اور ناموں کے سوا کچھ فرق نہیں۔ یہ وہی چلے ہوئے کارتوس ہیں جنہیں عوام بار بار منتخب کرچکے ہیں۔ یہ لوگ ہر الیکشن میں صرف پارٹیاں بدلتے ہیں کرپشن کی داستانیں وہی رہتی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن