میدان سے باہر بھارتی کرکٹرز سے اچھے تعلقات ہیں محمد رضوان

Jan 28, 2022

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو عمران طاہر کی شکل میں نیا بیٹر مل گیا۔دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں عمران طاہر سے شاہنواز دھانی اور محمد رضوان کو ملتے اور خوش گپیاں کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔شاہنواز دھانی عمران طاہر سے کہتے ہیں کہ آپ میرے رول ماڈل ہیں، میں آپ کو کاپی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔محمد رضوان عمران طاہر سے ملنے کے بعد کیمرے کی طرف دیکھ کر کہتے ہیں کہ ہمیں ایک نیا بیٹر مل گیا۔پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میدان کے باہر اچھے (دوستوں جیسے) تعلقات کا انکشاف کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ جب ہم بطور کھلاڑی میدان میں اترتے ہیں تو ہم مختلف حربے اپناتے ہیں، جیسے مخالف کو گھورنا، حریف کھلاڑی پر جملے کسنا ، پرجوش انداز میں خوش ہونا لیکن جب ہم کھیل کے بعد  واپس آتے ہیں تو ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم کس ملک سے تعلق رکھتے ہیں بلکہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہوتے ہیں۔ہم آسٹریلیا اور بھارت جیسی مختلف ٹیموں کے حوالے سے مختلف احساسات اور جذبات رکھتے ہیں لیکن میدان میں ہم انھیں صرف شکست دینے کا عزم رکھ کر اترتے ہیں، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہوتا لیکن میدان سے باہر ہم ایک دوسرے کا احترام اور عزت ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کیلئے دل میں محبت بھی رکھتے ہیں۔رضوان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دوستی کے باوجود کھلاڑی کا مقصد میدان میں صرف کھیل جیتنا ہوتا ہے، دوستی کا مقصد یہ نہیں ہوتا کہ ہم حریف کھلاڑی کیلئے رنز بنانا آسان کر دیں، میدان میں ہمارا مقصد صرف اور صرف جیت ہوتی ہے۔ مختلف میچز کے بعد حریف کھلاڑیوں کو بھی( پاکستانی کھلاڑیوں کو دھونی اور ویرات کوہلی سے بات چیت) گفتگو کرتے دیکھا گیا ہے،  یہ اسی ذہنیت کے تحت کی جاتی ہے کیونکہ میچ کے بعد ہم سب ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں