لسانیت کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے:  مصطفی کمال

کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ 30 جنوری کو پی ایس پی کراچی سے کشمور تک کے چپے چپے تک کے لیے حقوق اور وسائل حاصل کرنے کے لیے اپنی جان لگا دے گی۔ اب گھروں میں رہنے والے ظالموں کے ساتھی ہیں اور حالات بدتر ہونے کی تمام زمہ داری خاموش رہنے والوں پر ہوگی۔ سندھ پر قابض پیپلز پارٹی کے ظالم حکمران سندھ کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ کر  پورے سندھ کی عوام کے وسائل پر ناصرف قابض ہیں بلکہ اپنے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو اسمبلی میں اکثریت کی بنیاد پر دبا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کا منظور شدہ کالا بلدیاتی قانون عوام، جمہوریت اور آئین کے سنگین خلاف ورزی ہے۔ صوبے میں مسلسل لسانی بنیادوں پر لوگوں پھر سے موت کے منہ میں دھکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے تاکہ لسانیت کی آگ میں لوگ پیپلزپارٹی کی 14 سالہ کارکردگی نہ پوچھیں، روٹی، کپڑا اور مکان بھول جائیں۔ پاک سر زمین پارٹی اب ایسا نہیں ہونے دیگی۔ ہم پاکستان کے خلاف ہر سازش کو پوری طاقت سے روکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30 جنوری کو فوارہ چوک زینب مارکیٹ کے احتجاجی مظاہرے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ویسٹ میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کیماڑی صدر و ممبر نیشنل کونسل ممبر ہمایوں عثمان راجپوت اور ذمہ دران بھی موجود تھے۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ہم نے سیاست سے بالا تر ہو کر کراچی کے حق میں اٹھنے والی ہر آواز کی مکمل حمایت کی ہے اب عوام کا فرض ہے کہ وہ بھی اپنی نسلوں کی خاطر گھروں سے نکلے اور زندہ قوم ہونے کا ثبوت دے۔

ای پیپر دی نیشن