سکھر( بیورو رپورٹ) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث صنعت و تجارت اور کاروبار مفلوج ہوکر رہ گیا ہے حکومت کی جانب سے تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ان پر نت نئے انداز سے مزید ٹیکس عائد کیے جا رہے ہیںجسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، حکومت تاجر دشمن اقدامات کا خاتمہ کر کے آسان اور سہل ٹیکس نظام متعارف کرائے تاکہ صنعت و تجارت اور کاروبار میں بہتر ی لاکر ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گلیمر موبائل مارکیٹ، غریب آباد، رشنا سینٹر، تمباکو بازار، گلاس ٹاور موبائل مارکیٹ سمیت دیگر تجارتی مراکز کے دورے کے دوران تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حکومت آئی ایم ایف کی ایما پر پہلے ہی بجلی، پیٹرول، گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے مہنگائی کا طوفان لا چکی ہے، جس سے نہ صرف غریب افراد کا جینا دوبھر ہوگیا ہے بلکہ صنعت و تجارت اور کاروبار بھی انتہائی منفی اثرات مرتبہ ہو رہے ہیں جس سے تاجر برادری بھی شدید پریشانی سے دو چار ہیں ایسے حالات کے باوجود حکومت غربت، مہنگائی، بیروزگاری کا خاتمہ کر کے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے بجائے ٹیکس ادا کرنے والے تاجروں پر ہی نت نئے انداز سے مزید ٹیکس عائد کر رہی ہے۔ جس سے پورے ملک کی تاجر برادری کسی بھی صورت قبول نہیں کریگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جبری ٹیکس کا خاتمہ کر کے تاجر برادری سے مشاورت کے ساتھ آسان اور سہل ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے تاکہ تاجروں میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے اور صنعت و تجارت، کاروبار کو فروغ دیکر ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔
حکومت عوام اور تاجروں پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھارہی ہے‘ اسمال ٹریڈرز
Jan 28, 2022