سکھر (بیورورپورٹ) جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم مولانا ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی نے افغان عبوری وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند کی تائید کی ہے کہ امریکہ اور اسکے اتحادی ممالک نے دوحہ معادہ سے انحراف کی راہ اختیار کرتے ہوئے افغان حکومت کو ناکام بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں جن کا عالمی قوانین اور اقدار کے اعتبار سے کوئی جواز نہیں ، پانچ ماہ گذرنے کے باوجود امارات اسلامیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے اور اس حکومت کو تسلیم کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے اور اس پر بلاجواز پابندیاں عائد کی گئی ہیں بلکہ خود افغانستان کے اربوں ڈالر کے اثاثوں کو منجمد کر کے افغان قوم کی زندگی اجیرن کرنے کا طرز عمل اختیار کیا گیا ہے جاری کردہ بیان میں معروف عالم دین اور جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم مولانا ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت ، عالمی برادری ، مسلم ممالک سمیت سلامتی کونسل افغان قوم کو مالی اور سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے امارات اسلامیہ افغانستان کو فوری تسلیم کرتے ہوئے سفارتی تعلقات بحال کر کے پوری دنیا میں تمام ممالک سے سفارتی سرگرمیاں جاری کرنے کے مواقع فراہم کریں ۔