سعودی عرب میں عسیر میونسپلٹی کے ہیلتھ انسپکٹرز نے خمیس مشیط میں المیہ روڈ پر نصب خیمے میں ناقابل استعمال خوراک کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کولڈ سٹوریج سے مردہ مگرمچھ، ہرن اور گدھ برآمد کر لیا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عسیر میونسپلٹی میں دوسری شفٹ کی تفتیشی ٹیموں کواطلاع ملی تھی کہ خمیس مشیط کے التنزہ خیمے میں زائد المیعاد گوشت اورناقابل استعمال کھانے پینے کی اشیا ذخیرہ ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیمپ کے منتظمین زائد المیعاد گوشت سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کو ڈنر میں پیش کررہے ہیں۔ کولڈ سٹوریج کے خلاف آپریشن میں متعدد محکموں کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی جن میں محکمہ جنگلی حیات ، ماحولیاتی سلامتی فورس اور پولیس اہلکار شامل تھے۔ میونسپلٹی حکام نے بتایا کہ ہیلتھ انسپکٹرز کولڈ سٹوریج کے معائنے کے دوران یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ اس میں عام گوشت کے ساتھ مردہ مگرمچھ، ہرن اور گدھ کا گوشت بھی پڑا ہوا تھا۔ عسیر میونسپلٹی نے بتایا کہ 250 کلو گرام زائد المیعاد گوشت ضبط کرلیا گیا ہے۔ یہ بات بھی ریکارڈ کی گئی کہ وہاں صفائی کا معقول انتظام نہیں تھا جبکہ کارکنان میں سے کسی کے پاس بھی ہیلتھ سرٹیفکیٹ نہیں تھے۔علاوہ ازیں وہاں موجود مشینیں زنگ آلود تھیں۔ کیمپ کو فوری طورپر سیل کرتے ہوئے ضبط کیا گیا گوشت تلف کر دیا ہے۔
سعودی عرب ، کولڈ سٹوریج سے مردہ مگرمچھ، ہرن اور گدھ کا گوشت برآمد
Jan 28, 2022 | 17:49