بغداد(این این آئی)عراق میں ایک عدالت نے سنہ 2014 میں سیکڑوں فوجی کیڈٹس کے قتلِ عام میں ملوث 14 افراد کو سزائے موت سنادی۔داعشی جنگجوئوں نے جون 2014 میں شمالی شہرتکریت میں واقع اسبائیکرفوجی اڈے سے 1700 شیعہ کیڈٹوں کو اغوا کیا تھا اور انھیں موت کے گھاٹ اتاردیا تھا۔
عدالتی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ دارالحکومت بغداد میں الرسافہ کریمنل کورٹ نے 2014 میں کیمپ سبائیکرکے قتل عام میں ملوث 14 مجرم دہشت گردوں کو تختہ دارپرلٹکانے کا حکم دیا ہے۔ان 14 افراد کے پاس سزائے موت کے خلاف اپیل کے لیے 30 دن کا وقت ہے۔سزائے موت کے احکامات پرعمل درآمد کے لیے عراقی صدرکی منظوری ضروری ہے۔واضح رہے کہ 2016میں 36 افراد کوقتل عام میں ملوث ہونے کے جرم میں پھانسی دی گئی تھی۔