لاہور (سپیشل رپورٹر) اسمبلی کیلئے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔ یہ درخواست پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بیرسٹر علی کے توسط سے دائر کی۔ درخواست میں گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست میں گورنر کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان کرنے کا کہا گیا ہے انتخابات کو 90 دن سے زائد تاخیر میں نہ ڈالنے کی ہدایت دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ جمہوری نظام کے تسلسل کیلئے گورنر انتخابات کی تاریخ دینے کے پابند ہیں۔ گورنر پنجاب نے ابھی تک اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کی ہے اور تاریخ مقرر نہیں کی ہے۔ گورنر پنجاب کا الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنا آئینی سکیم کو ثبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ انتخابات کی تاریخ دینے میں تاخیر سے الیکشن کمیشن کو انتخابی انتظامات کرنے میں دشواری ہو گی لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اس امر کا نوٹس لے۔