لاہور(سپیشل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ سے پیر کے دوران ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں ہفتہ کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی جو پیر تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔28 جنوری(رات) سے 30 جنوری کے دوران مری میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے جس سے سڑکوں کی بندش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ اس دوران شدید برفباری سے گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا امکان ہے۔29 جنوری اور 30 جنوری کو اسلام آباد،لاہور،گوجرانوالہ،گجرات،حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ،نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔