لاہور(نیوز رپورٹر)پروفیسر جاوید اکرم نے عہدے کا حلف لینے کے بعد بطور وزیر صحت پنجاب کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پہلے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس یونیورسٹی میں طبی تحقیق، کمرشلائزیشن اور اورک کے شعبے کو مضبوط کرنے کے حوالے سے منعقد کیا گیا جس کی صدارت وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم نے کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز،فاونڈر پریزڈنٹ ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر نقشب چوہدری، پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر ابرار اشرف علی، پروفیسر احمد عزیر قریشی، فائنل ائیر ایم بی بی ایس کے طلبا و طالبات موجود تھے۔وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں آنا میرے لئے فخر کی بات ہے بطور کیمکولین اپنے مادوعلمی کی خدمت کی خواہش ہمیشہ رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اورک کے شعبے کا قیام ہمیشہ سے میری ترجیحات میں شامل رہا ہے۔کیو ایس رینکنگ کے حوالے سے یونیورسٹی میں کام شروع ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ طلبا و طالبات کو موقع دیں کہ جدید طبی تحقیق میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ یونیورسٹی طبی ایجادات میں خود کفیل ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے بہتری اور ترقی کیلئے تمام تر اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کو قلیل عرصے میں ریسرچ کلچر کو عام کرنے اور دیگر منصوبہ جات کی تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں اور ان کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم نے بزنس پروسیسز اور انکیوبیٹر بارے تفصیلی بات کی انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی تمام پراڈکٹ کو مارکیٹ کرنے کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائیگا:وزیر صحت
Jan 28, 2023