جدہ(نوائے وقت رپورٹ) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، جدہ نے حج 2022 کے دوران رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کیلئے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب رضاکاروں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔ ان رضاکاروں نے پاکستان حج والینٹرز گروپ (PHVG) کے زیراہتمام کام کیا جو 2011 سے سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کی خدمت کیلئے سرگرم ہے۔ اب تک اس تنظیم کے تحت زیادہ سے زیادہ بھیجے جانے والے رضاکاروں کی تعداد 3 ہزار ہے۔ قونصل جنرل خالد مجید نے رضاکاروں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے ان کی ہمت، جواں مردی اور انتھک کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ PHVG کو متحرک کارکنوں کی ایک مربوط ٹیم چلاتی ہے جو حج کی مناسبت سے ضروری خدمات جیسے کہ وہیل چیئر فراہم کرنا اور مناسک حج میں رہنمائی اور مدد فراہم کرنا وغیرہ شامل ہیں۔