اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) مردم شماری ایک بہت بڑی قومی مشق ہے اور اس پر عملدرآمد کیلئے مناسب منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔قومی اور بین الاقوامی تنظیموںکو مردم شماری کی سرگرمیوں سے آگاہ کرنے کیلئے نیشنل مردم شماری کوآرڈینیشن سینٹر (این 3 سی)، پی بی ایس ہیڈ آفس، اسلام آباد میں ایک اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ورلڈ بنک، یونیسیف، یو این ایف پی اے،یو این ہیبیٹیٹ، ڈبلیو ایف پی، پاپولیشن کونسل، ایف اے او،ایف سی ڈی اواور ر یو این ایچ سی آر،ایس ڈی پی آئی،پی آئی ڈی ای جیسے بین الاقوامی اور قومی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر، ممبر (سپورٹ سروسز/ریسورس مینجمنٹ)، محمد سرور گوندل، ممبر( مردم شماری و سروے)، ایاز الدین اور پی بی ایس کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے پی بی ایس کی جانب سے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ مشترکہ مفادات کی کونسل (سی سی آئی) کی جانب سے ساتویں مردم شماری ڈیجیٹل طریقے سے کرانے کی ہدایت کے بعد سے پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) اس ہدایت پر عمل درآمد کیلئے سخت محنت کر رہا ہے۔ سی سی آئی نے ساتویں مردم شماری کرانے کی ہدایات میں گزشتہ مردم شماری میں درپیش مسائل کے حل کیلئے مخصوص اقدامات شامل کرنے پر زور دیا۔پی بی ایس کو ساتویں مردم شماری کے ڈیزائن کے بارے میں صوبائی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ معلوماتی سیشن منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ مردم شماری کے عمل اور نتائج پر ان کا اعتماد بہتر ہو سکے۔
ساتویں خانہ ومردم شماری کیلئے قومی ، بین الاقوامی تنظیموں کیساتھ تعارفی سیشن
Jan 28, 2023