اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن میں ملاقات ہوئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضمنی الیکشن سمیت عام انتخابات کے انعقاد پر مشاورت کی گئی۔ پی ڈی ایم کے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر بھی بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں آصف زرداری سے پاکستان مسلم لیگ (ق) خیبرپختونخوا کے صدر سابق رکن قومی اسمبلی محبوب اللہ جان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی جبکہ آفتاب خان شیرپاؤ کے بھائی ولی محمد خان شیرپاؤ کے نواسے بلال خان شیرپاؤ نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سابق صدر سے پاکستان پیپلز پارٹی ڈویژنل صدر راولپنڈی اور وزیر مملکت سردار سلیم حیدر خان کی اسلام آباد زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی‘ پنجاب میں پارٹی امور اور آئندہ الیکشن کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔ آصف زرداری کی طرف سے عشائیہ بھی دیا گیا جس میں سپیکر راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضٰی، سید نئیر بخاری، فیصل کریم کنڈی، ڈاکٹر عاصم، باوا ملک عاقب علی خان، صدر پی پی فتح جنگ سردار ظہیر خان اور سردار فیضان حیدر خان بھی موجود تھے۔