ہفتہ وار مہنگائی میں 0.45 فیصد اضافہ ، 25 اشیاء مہنگی ،6 سستی ، 20 کے نرخ برقرار : ادارہ شماریات 

Jan 28, 2023


لاہور‘ اسلام آباد (کامرس رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں  ہفتہ وار مہنگائی کی شرح  0.45 فیصد مزید اضافے سے مجموعی طور پر  32.57 فیصد پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے  مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار  جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ  6 اشیاء سستی اور 20 میں استحکام رہا۔ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز 5.51 فیصد مہنگے ہوئے، چاول4.51 اور ٹماٹر 4.18 فیصد مہنگے ہوئے۔ ایک ہفتے میں کیلے 3.57 اور لہسن کی قیمت میں 3.47 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 5.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ ہفتے آٹا، دال چنا، دال مونگ کی قیمتیں بھی بڑھیں۔ ایک ہفتے میں آلو 4.47 اور چکن 1.63 فیصد سستا ہوا۔ گزشتہ ہفتے ایل پی جی سلنڈر 145 روپے مہنگا ہوا، جس کے بعد اس کی اوسط قیمت 2888 روپے رہی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 20 کلو آٹے کا تھیلا 31 روپے مہنگا ہوا، اور اس کے اوسط نرخ 1735 ریکارڈ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں آٹا سب سے زیادہ مہنگا رہا، اور یہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2820 روپے تک فروخت ہوتا رہا۔ ہفتے کے دوران سب سے ذیادہ مہناگئی کھانے پینے کی اشیاء میں ہوئی ،چاول ،ٹماٹر ،دال چنا ، مہنگی ہوئی ،ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے آلو کے نرخوں میں دو روپے کمی ہوئی اور اس کی اوسط قیمت 41 روپے رہی، چینی 78 پیسے فی کلو سستی ہوکر اوسط نرخ 91.21 روپے میں فروخت ہوتی رہی، جبکہ اس دوران برائلر چکن، گڑ، چینی، پاؤڈر دودھ اور گھی کے نرخوں میں بھی کمی ہوئی۔

مزیدخبریں