اسلام آباد (وقائع نگار) تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ راجہ ریاض کی اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کو بھی چیلنج کردیا گیا۔ درخواست میں الیکشن کمشن کے دو ممبران کی تعیناتی کو بھی غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی کو کام سے روکا جائے۔ تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے استدعا کر دی۔ پی ٹی آئی نے نگران وزیراعلی پنجاب کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کا نگران وزیر اعلی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی غیر آئینی قرار دیا جائے۔ شیخ رشید نے موقف اپنایا کہ محسن نقوی اپوزیشن مخالف اور حکومتی مددگار کے طور پر سامنے آئے۔ ان کی موجودگی میں پنجاب میں صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔ تحریک انصاف کی درخواست میں راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے نوٹیفکیشن کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ کہا گیا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن غیرآئینی ہے۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمشن کے ممبر بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی غیرآئینی قرار دینے کی استدعا کردی۔ درخواست میںکہا کہ الیکشن کمشن اور اس کے ممبران نے نگران وزیراعلی کا نوٹیفکیشن کر کے اپنی آئینی ذمہ داری سے انحراف کیا۔ الیکشن کمشن کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کی جائے۔