لندن (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں ہے لیکن عمران خان کے بیانات سے تو لگتا ہے کہ انہیں ایک بار گرفتار ہوجانا چاہیے تاکہ ہم دیکھ ہی لیں کہ یہ کیا طوفان لانا چاہتے ہیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر بالکل درست ہے، جن کو لگتا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری حکومتی انتقام ہے وہ ایک بار جا کر ایف آئی آر دیکھ لیں انہیں پتہ چل جائے گا کہ مقدمہ الیکشن کمشن کی طرف سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کل پاکستان واپس جارہا ہوں، آج نوازشریف سے میٹنگ ہے، نواز شریف سے ہدایات لے کر مریم نواز کا یکم فروری سے پنجاب اور ،خیبر پی کے کا دورہ شروع ہوگا، فواد چوہدری کیخلاف ایف آئی آر سیکرٹری الیکشن کمشن کی درخواست پر درج ہوئی۔ الیکشن کمشن کیخلاف فواد چوہدری نے بات کی جس پر الیکشن کمشن نے ایکشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران نیازی کی گرفتاری کے حق میں نہیں لیکن جس قسم کی عمران نیازی گفتگو کر رہے ہیں میرا ذہن بنتا ہے کہ انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔