خادمین حج اور رضا کاروں کے اشتہارات سے وزارت مذہبی امور کا کوئی تعلق نہیں:ترجمان

Jan 28, 2023


اسلام آباد(نا مہ نگار)وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر خادمین حج اور رضا کاروں کے اشتہارات سے وزارت کا کوئی تعلق نہیں ہے،یہ اشتہارات جعلی ہیں ، اس میں ملوث افراد لوگوں سے پیسے بٹورنے کے دھندے سے وابستہ ہیں ،عوام ایسے عناصر سے محتاط رہیں اور پیسے کا لین دین بلکل نہ کریں ۔جمعہ کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ بعض دھوکہ باز عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے وزارت مذہبی امور کا نام استعمال کرتے ہوئے خادمین حج اور رضا کاروں کی مکہ اور مدینہ اور آسان حج پیکیج کے جعلی اشتہارات کے ذریعے لوگوں سے پیسے بٹورنے کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔انہوں نے عوام الناس کو خبردار کیا کہ وزارت مذہبی امور کا اس قسم کے جعلی اشتہارات سے کوئی تعلق نہیں ہے کہ لہذا ایسے عناصر سے محتاط رہیں اور پیسے کا لین دین بلکل نہ کریں ورنہ وہ اپنے نقصان کو خود ذمہ دار ہوں گے۔ وزارت ہذا کے اشتہارات منظور شدہ حج ٹور آپریٹر کی مستند معلومات اور رہنمائی کے لئے وزارت مذہبی امور کے آفیشل سوشل میڈیا اور ویب سائٹ سے رجوع کیا جائے۔

مزیدخبریں