رضاکارانہ جذبوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت  ہے:شاہد  لغاری


اسلام آباد(نامہ نگار )  ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ رضاکارانہ جذبوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت اور ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ دکھی انسانیت اور قدرتی آفات و سانحات سے متاثرہ لوگوں کی خدمت  ہلال احمر کا طرہ امتیاز ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے حسن ابدال کیڈٹ کالج  میں ہلال احمر یوتھ کلب کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوتھ کلب سیکرٹری کیڈٹ حسنین ممتاز نقوی نے کلب کی سرگرمیوں سے متعلق ملٹی میڈیا بریفنگ دی۔وائس پرنسپل کلیم مصطفیٰ نے ہلال احمر کے ساتھ سات  برس پر محیط شراکت داری کو مستحکم اور فعال بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر نے کیڈٹس میں رضاکارانہ جذبوں کو ایک نئی امنگ دی۔ڈپٹی وائس پرنسپل شوکت محمود نے خطبہ استقبالیہ میں شکریہ ادا کیا۔حسن ابدال کیڈٹ کالج کی جانب سے وائس پرنسپل کلیم مصطفیٰ نے  چیئرمین ہلال احمر سردار شاہد احمد لغاری،سیکرٹری جنرل عبید اللہ خان ، شعبہ یوتھ اینڈ والینٹیئرکی اسسٹنٹ ڈائریکٹر مصباح مشتاق کو سوینئر پیش کئے گئے۔ہلال احمر کی جانب سے یوتھ کلب کے سابق ہیڈ معظم علی ثاقب کو توصیفی  سند اور کیڈٹ کالج کے لئے اعزازی سرٹیفیکیٹ دیا گیا۔ نو منتخب ہیڈ یوتھ کلب مرزا سعید ،سیکرٹری یوتھ کلب حسنین ممتاز نقوی اور وائس پرنسپل کلیم مصطفیٰ کو ہلال احمر کی یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ہلال احمر یوتھ کلب کے لئے سائیکلیں  بھی فراہم کی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن