لاہور‘ فیروزوالا‘ رائے ونڈ ‘ حافظ آباد‘ گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار + نمائندگان نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) سویڈن میں توہین قرآن کیخلاف گزشتہ روز بعد نماز جمعہ مذہبی‘ سیاسی جماعتوں کی طرف سے لاہور‘ فیروز والا‘ رائیونڈ‘ حافظ آباد اور گوجرانوالہ سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے سویڈن میں واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف نعرے لگائے اور سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے، معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے اور ذمہ داروں کو سزا دینے کے مطالبات کئے۔ سویڈن کے صدر کے پتلے اور سویڈن کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔ نماز جمعہ میں خطبہ سے قبل مختلف شہروں میں توہین قرآن کے خلاف قراردادیں منظور کی گئیں۔ مجلس تحفظ نبوت‘ توحید نے مختلف شہروں میں مظاہرے کئے۔ لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ مر کز قرآن و سنہ اسلامک سینٹرمیں ہوا۔جس میں حاجی ریاض احمد،مولانا عباس سلفی، مولاناحافظ سہیل انجم اور دیگر ذمہ دران نے شرکت کی۔ علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن ایک گستاخ ملک ہے‘ مغربی یورپین ممالک کی اسلام اور رسول اللہؐ، قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ عالمی برادری قرآن مجید کی حْرمت اور اس کے تقدس کے حوالے سے عالم اسلام قانون سازی کر یں۔ پو ری ملت اسلامیہ ان جیسے گستاخانہ ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی ، تجارتی، اقتصادی تعلقات کو ختم کرکے آپس میں اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر سویڈن اور نیدرلینڈز میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے جن میں کارکنان جماعت اسلامی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کے سامنے نماز جمعہ کے بعد مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے خطاب کیا۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہر ے سے امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی نے خطاب کیا۔ اسی طرح پشاور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد اور کراچی میں بھی مظاہرے ہوئے جن سے جماعت اسلامی کے مقامی قائدین نے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے سینٹر مشتاق احمد نے ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی پرزور مذمت کی اور مسلم دنیا کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یورپی ممالک کے امت کے خلاف اس ایکٹ آف وار اور اشتعال انگیزی پر عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے اس امر پرافسوس کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان نے تاحال سویڈن اور نیدرلینڈز کے سفیروں کو طلب کرکے واقعات کے خلاف احتجاج کیوں ریکارڈ نہیں کرایا۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام شہر کے مختلف علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جماعت اسلامی غربی لاہور کے زیر اہتمام منصورہ ملتان چونگی، ٹاؤن شپ ، سمن آباد،سبزہ زار سمیت دیگرعلاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ احتجاجی مظاہروں کی قیادت سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، نائب امیر و صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد اور دیگر نے کی۔مظاہرین نے سوئیڈن میں حکومتی سطح اور انتہا پسندوں کی جانب سے قرآن کی بے حرمتی پر شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سوئیڈن کی حکومت سے اور اقوام متحدہ سے اس کے خلاف احتجاج کیا جائے۔ احتجاجی مظاہروں سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، میاں ذکر اللہ مجاہد،وسیم اسلم قریشی، عبدالعزیز عابد اور مرزا شعیب یعقوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید کی بے حرمتی کے گھناؤنے واقعات دنیا کا امن خراب کرنے کی سازش ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک تحفظ قرآن مارچ نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔مظاہرین نے سوئیڈن میں حکومتی سطح اور انتہا پسندوں کی جانب سے قرآن کی بے حرمتی پر شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سوئیڈن کی حکومت سے اور اقوام متحدہ سے اس کے خلاف احتجاج کیا جائے۔قبل ازیں نماز جمعہ کے اجتماعات میں ان افسوس ناک واقعات کے پے درپے رونما ہونے پر تشویش کا اظہار کیاگیا اور مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر تحریک لبیک تحفظ قرآن مارچ کے شرکاء سے امیر ٹی ایل پی حافظ سعد حسین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہہم کہتے ہیں ایک ہاتھ میں قرآن پکڑو اور دوسرے میں ایٹم بم والا صندوق اور سویڈن جاکر ان کو بتاؤ تو دیکھو سارا یورپ تمہارے پاؤں میں نہ ہوا تو دیکھنا۔جو اپنی گنتی پوری کرنے جارہے ہیں ان سے قرآن کے تحفظ کی امید کیسے کی جاسکتی ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ توہین قرآن اور توہین انبیاء کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ جمعیت علماء پاکستان کے اہتمام جمعتہ المبارک کوملک بھر میں ’’یوم حرمت قرآن‘‘ منایا گیا ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میںیوم حرمت قرآن پر اللہ پاک کی مقدس کتاب قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی جسارت پر علماء و خطباء نے خطبات جمعۃالمبارک اور احتجاجی مظاہروں میںعظمت قرآن پرخطابات کیے۔جمعیت علماء پاکستان کے رہنمائوں علماء اور خطباء نے سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن مجید کی بیحرمتی اور جلائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں مذہبی جنونیوں، انتہا پسند دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات ہمیشہ مسلمانوں، مسلم مقدس ہستیوں اور مقدسات کو ہدف بناتی ہیں۔کراچی، سکھر ، راولپنڈی، اسلام آباد ، ملتان ،رحیم یار خان ،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ساہیوال ،سرگودھا ، گجرات ،جہلم سمیت دیگر شہروں میں بھی ’’ یوم تحفظ قرآن ‘‘ پر خطبات جمعتہ المبارک سے خطابات کیے گئے ان کے علاوہ اوکاڑہ،بہاولنگر، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوئٹہ میںبھی جمعتہ المبارک کے موقع پربھی یوم احتجاج پر خطابات کیے گئے۔ جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے بعد پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے،جن میں طلبائ، وکلا، اساتذہ سیاسی دینی جماعتوں کے قائدین اور تاجروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی، مزدوروں اور مختلف شہروں کے یونینز علاقائی کمیٹیز اور رکشہ یونینز کے عہدیداران بھی بھر بھرپور شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھار کھے تھے جن پر قرآن پاک کی گستاخی کرنے والوں کے خلاف اور حرمت قرآن کے حوالے سے تحریریں درج تھیں۔ اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی نے امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کیا ہے او آئی سی اور اقوام متحدہ و عالمی برادری توہین شعائر اسلام کو دہشتگردی قرار دیں۔ علماء و مشائخ اور خطباء نے یوم حرمت قرآن و ناموس رسالت کے عنوان سے ہونے والے اجتماعات سے خطاب کیا۔ پاکستان علماء کونسل کے قائدین چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا ڈاکٹر ابو بکر صدیق ،علامہ عبد الحق مجاہد ، قاضی مطیع اللہ سعیدی اور دیگر نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل پریومِ احتجاج منایا گیا۔ خطباء نے حرمت قرآن کے موضوع پر نماز جمعہ کا خطبہ دیا اور نماز جمعہ کے بعد عظمت قرآن ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے فیصل آباد میں ہلال احمر چوک سے لے کر فیصل آباد پریس کلب تک ریلی کی قیادت کی۔ جلالیہ علمائ کونسل کے زیر اہتمام ملک کی 250 مساجد میں عظمت قرآن کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا جن میں سویڈن اور ہالینڈ میں پیش آنے والے افسوس ناک واقع کی پرزور مذمت کی گئی اور مسلم ممالک کے اتحاد پر زور دیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی اپیل چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور جلوس نکالے گئے، جن کی قیادت صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے کی۔جلوسوں میں مردو خواتین سمیت بچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی دارالحکومت میں علامہ علی اکبر کاظمی، صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی اپیل پر شادمان، پریس کلب، ٹھوکر نیاز بیگ، امامیہ کالونی، موچی گیٹ سمیت مختلف مقامات پر پرامن مظاہرے کیے گئے قبل ازیں نماز جمعہ کے اجتماعات میں اِس مذموم حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے قراردادیں منظور کرائی گئیں۔مزید براں پاکستان سنی تحریک‘ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ‘ تحریک دعوت توحید‘ علماء اہلحدیث کونسل‘ حافظ آباد میں مختلف دینی جماعتوں کی اپیل پر‘ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب و سنی تحریک کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر مظاہرے کئے گئے۔ تحریک لبیک گوجرانوالہ اور پیر پیر سید احمد فاروق شاہ نے بھی مظاہروں میں حصہ لیا۔