کراچی (اسٹاف رپورٹر) جما عت اہلسنّت کی اپیل پر ملک بھر کی طرح شہر کراچی میں بھی قرآن کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام ،خطباء حضرات نے مساجد میں عظمت ِ قرآن پر بیانات کئے اور گستاخی کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کرائیں ۔بعد از متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے سوئیڈن و ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جامع میمن مسجد جوڑیا بازار میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مسلمان کیلئے انتہائی مقدس ہے اس کی توہین پر امت مسلمہ میں شدید اضطراب اور غم و غصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مغرب کے آزادی اظہار فلسفے کی آڑ میں کتاب اللہ کی توہین اور اسلام کا مذاق اڑیا جائے گا تو اس کے نتائج میں خوفناک واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ نزد قائد پارک معین آباد ملیر میں احتجاجی مظاہرے سے جما عت اہلسنّت کراچی کے ناظم ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،نیو میمن مسجدبولٹن مارکیٹ پر سید رفیق شاہ ،علامہ اکرام المصطفیٰ، جناح روڈ شیر شاہ نزد جامع مسجد مصطفی پر مفتی محمد بلال قادری ،پریڈی اسٹریٹ لائنز ایریا نزد مرکز جما عت اہلسنّت شہداء میلاد میں مولانا رضی الدین قادری،بن قاسم میں علامہ عبد القادر شیرازی، لیبر کالونی میں علامہ خلیل الرحمان چشتی،جمشید روڈ دارالعلوم انوار القادریہ کے باہر مولانا الطاف قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ سوئیڈن کے انتہا پسند سیاسی رہنماء کے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ناپاک مکروہ فعل نے ثابت کر دیا دنیا کو مذہبی آزادی،اعتدال پسندی کا درس دینے والا مغرب خود اسلام دشمنی میں انتہا پسندی اور دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔مغرب کا اسلامو فوبیا اپنی تمام حدیںعبور کر چکا،ا سلام مخالف رویے دنیا میں نفرت پھیلانے اور تشدد کو ہوا دینے کی منظم کوشش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک متحد ہو کر قرآن و ناموس رسالت کی توہین جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی کرائیں اور اسلام مخالف مہم کے خلاف مشترکہ و مضبوط لائحہ عمل تیار کریں۔