کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی ڈائریکٹر اورک (ORIC)پروفیسر ڈاکٹر محمد ویرسیانی اور میزان بینک لمیٹڈ کے نمائندے احمد علی صدیقی نے اسلامک بینکنگ اور فنانس میں فیکلٹی ممبران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر قائم مقام رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر زرینہ علی،ڈاکٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔اس معاہدے سے پروگرام کا دائرہ کار فیکلٹی ممبران کو اسلامی فنانس کے بنیادی اور اعلیٰ درجے کے علم سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اس مضمون کو تعلیمی سطح پر فروغ دے سکیں اور مستقبل میں اس شعبے میں پیشہ ور افراد پیدا کر سکیں۔اس پروگرام کی مدت چھ ماہ ہو گی، جو 30 جون 2023 کو ختم ہو گی۔ گرانٹ کا مقصد جامعہ اردو کو اسلامی مالیات اور اس سے متعلقہ شعبوں میں اپنے کل وقتی فیکلٹی ممبران کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد کرنا ہے۔ گرانٹ جس کی مالیت پانچ لاکھ روپے ہے اگلے چھ ماہ میں استعمال کرنے کے لیے فراہم کی جائے گی۔ تربیتی سیشنز کا انعقاد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سینٹر فار ایکسیلنس ان اسلامک فنانس کے ذریعے کیا جائے گا۔وفاقی اردو یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین نے کہا کہ "اس قسم کے تربیتی سیشن سے ہماری فیکلٹی کی استعداد کار بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ طلباء کو بھی فائدہ ہوگا۔ ہم گرانٹ کے لیے میزان بینک کے شکر گزار ہیںاور ہمیں یقین ہے کہ یہ ہمارے فیکلٹی ممبران اور طلباء کی تعلیم پر نمایاں اثر ڈالے گی۔ احمد علی صدیقی SEVP اور ہیڈ آف ایس سی ڈی میزان بینک کا کہنا تھا کہ "میزان بینک اسلامی فنانس اور اس سے متعلقہ شعبوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور ہمیں فیڈرل اردو یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران کی تعلیم اور استعداد کار کی تعمیر میں تعاون کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ گرانٹ اسلامی مالیات کے شعبے میں مستقبل کے پیشہ ور افراد پیدا کرنے اور صنعت کی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔"جامعہ اردوپاکستان میں اعلیٰ تعلیم کا ایک سرکردہ ادارہ ہے جس کی توجہ مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ یونیورسٹی اسلامی مالیات اور اس سے متعلقہ شعبوں میں علمی فضیلت اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔