فواد چودھری کی پیشی پر اہلیہ کی پولیس سے تکرار‘ چادر نہ ڈالی جائے: حبا

Jan 28, 2023

اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر فواد چوہدری کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ان کی اہلیہ حبا چوہدری کی پولیس سے تکرار ہوگئی۔ پولیس فواد چوہدری کو ہتھکڑی لگا کر اور ان کے اوپر چادر ڈال کر عدالت لائی جس پر حبا چوہدری نے اہلکاروں سے تکرار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خاوند کے اوپر چادر نہ ڈالی جائے۔ انہوں نے کہا میرے خاوند کو مزید ریمانڈ پر بھیجا گیا تو ہم احتجاج کریں گے‘ جیل بھیجا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حبا چوہدری نے کہا کہ فواد پر تشدد کا علم نہیں، ان کے منہ پر کپڑا اور ہتھکڑیاں لگا کر نہیں لانا چاہیے، فواد چوہدری کیا دہشتگرد ہے کہ اس طرح پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نازیبا گفتگو کی مذمت کرتی ہوں۔ یہ ناقابل قبول ہے کہ پرویز الٰہی فواد چوہدری پر الزام لگائیں کہ ہمیں حکومت کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی الزام لگا رہے ہیں کہ فواد چوہدری نے اسمبلی تحلیل کروائی ہے، وہ پارٹی پالیسی کے ساتھ نہیں کھڑے، فواد چوہدری کا اس میں اپنا ذاتی مفاد نہیں تھا۔ حبا فواد نے کہا کہ پرویز الٰہی کی گفتگو سے میرے اور میرے بچوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ جس طرح کی پرویز الٰہی نے زبان استعمال کی کیا انہیں اور ان کی عمر کو یہ ججتا ہے۔ انہوں نے شرمناک رویہ اختیار کیا۔

مزیدخبریں