فیصل مسجد اسلام آباد میں 30 جنوری کو حفاظ کا قومی سطح کا مقابلہ ہوگا 

Jan 28, 2023


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاق المدارس عربیہ پاکستان کے ناظم صوبہ پنجاب قاضی عبدالرشید اورمسئول  ضلع راولپنڈی مولانا  مفتی عبدالرحمٰن نے کہا ہے کہ وفاق المدارس عربیہ سے 25 ہزار مدارس منسلک ہیں ان مدارس میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی تعداد 25 لاکھ ہے مدارس کے اس نیٹ ورک کی پورے عالم اسلام میں کوئی مثال نہیں ملتی، اس وقت دس لاکھ بچے اور بچیاں قرآن مجید حفظ کررہے ہیں ہر سال تقریباً ایک لاکھ حفاظ تیار ہوتے ہیں پورا عالم اسلام اور عرب دنیا مل کر بھی قرآن مجید کے اتنے حفاظ تیار نہیں کرتے جتنے صرف پاکستان میں ہوتے ہیں ایوان وقت میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا وفاق المدارس نے اس سال سے حفظ کرنے والے بچوں میں باہمی مقابلوں کا اہتمام کیا ہے یہ مقابلہ 30 جنوری بروز پیر فیصل مسجد اسلام آباد میں قومی سطح کا مقابلہ منعقد ہوگا جس میں چاروں صوبوں سے پوزیشن لینے والے 15 طلبہ حصہ لیں گے جس کی قیادت صدر وفاق مفتی محمد تقی عثمانی ،ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری ، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور وفاق کی پوری قیادت کے علاوہ علماء ، مشائخ ، سفراء ، وزراء ، تعلیمی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شریک ہوں گے، امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں