کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جامعہ این ای ڈی میں میرٹ پر داخلہ ملنے کے بعد فیس نہ ہونے کے باعث اب کوئی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ جامعہ این ای ڈی میں 105ضرورت مند طالب علموں میںماں جی پروگرام کے تحت اسکالر شپس تقسیم کرنے کے تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پروگرام کے بانی آفتاب رضوی نے ایک بیج بویا جو ساڑھے 7 کروڑ اکٹھا کرکے، ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کہنا تھا کہ سندھ حکومت تعلیم دوستی کی ذمے داری کو نبھاتی رہے گی۔ فیسوں کی مد میں 28فیصد طالب علم ادا کرتے ہیں، جبکہ 72فی صد جامعہ خود ادا کرتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماں جی اسکالر شپس کے ذریعے این ای ڈی میں میرٹ پر داخلہ ملنے پر اب کو ئی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، یہ قابل تحسین عزم ہے۔ اس موقعے پر انھوں نے 20ملین کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ماں جی اینڈومنٹ فنڈ کے روح رواں آفتاب رضوی تھے جبکہ صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے چیئرمین سہیل بشیر کا کہنا تھا کہ آج 105کو اسکالر شپس دی ہیں، آئندہ ایک ہزار طالب علموں کو اسکالر شپ دینے کا ارادہ ہے۔اینڈومنٹ فنڈ سے متعلقہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت این ای ڈی المنائی کا ممنون ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ آفتاب رضوی اور ان کی اہلیہ نے ایک بیج بویا جو ساڑھے سات کروڑ اکٹھا کرکے ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ آئندہ اس درخت کی آبیاری آپ طالب علموں کے ہاتھ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب رضوی کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت بہت سارے طالب علموں کو معاشی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، لیکن ان مسائل کو اپنے مقصد کی راہ میں حائل نہ ہونے دیں۔اسی لیے میں نے سوچا کہ معاشرے کو ذمے دار انسان فراہم کرنے والی ماں کے نام ایک اسکالر شپ پروگرام تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا گر اپنی ماں کی عزت کرنے میں ہے۔جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق27جنوری کو منعقدہ اس تقریب میں جامعہ این ڈی کے ضرورت مندطالب علموں کو ناصرف اسکالر شپس سے نوازا گیا بلکہ شیخ الجامعہ سمیت تمام معززین نے اپنی غربت سے کامیابی کی کہانیاں، طالب علموں کو سنا کر ہمت و حوصلے کے بل پراستقامت سے ڈٹ جانے کا درس دیا۔
کوئی طالب علم فیس نہ ہونے کے باعث تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ، وزیراعلی سندھ
Jan 28, 2023