لاہور(نیوز رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز میڈیکل کئیر اور طبی شعبے کا لازمی جزو ہیں جن کے موثر کردار کے بغیر کسی بھی ہسپتال کا نظام، مریضوں کا علاج معالجہ اور دیکھ بھال کے تقاضے پورے نہیں ہو سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کا مریضوں کی تیمارداری اور اْن کی جلد صحت یابی میں میں برابر کا حصہ ہوتا ہے اور یہ ہر ہسپتال کیلئے ایک اہم ستون تصور کیے جاتے ہیں جو اپنی صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت کے بل بوتے پر شعبے کا نام روشن کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز لاہور جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرنسپل کالج آف آفتھامولوجی اینڈ الائیڈ ویڑن سائنسز میو ہسپتال پروفیسر محمد معین، صدر ایسوسی ایشن جنید میو،چیئرمین سلیم ساہی، جنرل سیکرٹری سید مظہر شاہ سرپرست اعلیٰ،،عارف بٹر، ڈاکٹر مسعود اختر شیخ، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر جاوید ممتاز، سید اظہر عباس سمیت انتظامی ڈاکٹرز اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کو میڈیکل ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنے کیلئے کافی محنت کرنا پڑتی ہے اور وہ صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی دیگر پروفیشنل سے کم نہیں۔