کراچی (آئی این پی ) سابق صوبائی وزیر اور رہنما پاکستان پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کا سندھ سے صفایا ہو جائے گا جبکہ پیپلز پارٹی سب سے زیادہ نشستیں جیتے گی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا ہے کہ جو لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں وہ ہمارے پرانے ساتھی ہیں، لیاری سے شاہ جہاں بلوچ مسلم لیگ ن سے پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، وہ 2013 سے 2018 تک پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی تھے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ جہاں بلوچ ناراض ہو کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے تھے اور وہ صدر مسلم لیگ ن ضلع جنوبی تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ اکبر یوسفزئی اور عابد سومرو نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا، ان کا بھی مشکور ہوں، پرانے دوستوں کی شمولیت سے پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کی گہما گہمی ہے، مخالف سیاسی جماعتوں کو یقین ہے کہ پیپلز پارٹی کو تنہا نہیں ہرا سکتے، وہ ہمیں ہرانے کے لیے مل رہے ہیں اور یہی ہماری جیت ہے۔
عام انتخابات میں ن لیگ کا سندھ سے صفایا ہوجائے گا،سعید غنی
Jan 28, 2024