اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ جج، جیوری اور پراسیکیوشن سب ایک ہیں یہ میچ فکس ہے، نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ 5 فروری سے قبل مجھے سزا ہو جائے گی، سب کو پتا ہے اسے معلومات کہاں سے ملیں؟ عدالت اسے بلا کر پوچھے۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بدترین کریک ڈاؤن کے باعث عوام کا آزادی سے رہنے کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے۔ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ میرے وکلاء الیکشن لڑ رہے ہیں، اس لیے آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، ہم کیس پوری طرح سے لڑیں گے۔ پیر سے لیگل ٹیم جائے گی۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل چل رہا ہے اور نواز شریف کو ریلیف مل رہا ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے سب جھوٹ بول رہے ہیں۔ نواز شریف کی ایک ہی اْمید ہے کہ اسے ویگو ڈالہ الیکشن جتوائے اور عوام نواز شریف کو نہیں جیتنے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویگو ڈالے کا کمال ہے کہ اس نے سافٹ ویئر اَپ ڈیٹ کر کے خیبر پختونخوا میں دو پارٹیاں بنا دیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ آپ تمام معاملات کے حل کے لیے صدر پاکستان سے بات کیوں نہیں کرتے؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ صدر پاکستان کی سنتا کون ہے؟