لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی انڈر 19 میں پاکستان نے کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 141 رنز کا ہدف باآسانی 26ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔شاہ زیب خان نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شمائل حسین بھی 54 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بائولر پاکستانی اوپننگ جوڑی کو آؤٹ نہیں کرسکا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 38اوورز میں 140 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی، سٹاک پول 42 اور اولیویر 29 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔پاکستان کی جانب سے عبید شاہ اور عرفات منہاس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، نوید احمد نے دو، محمد ذیشان اور علی اسفند نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔شاہ زیب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرارد یا گیا ۔انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ بی کے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے سکاٹ لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔پوچسٹروم میں کھیلے گئے میچ میں سکاٹ لینڈ کی انڈر 19 ٹیم نے 9 وکٹوں پر 269 رنز بنائے۔ اوون گولڈ نے 97 اور جمی ڈنک نے 90 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں جبکہ عزیر احمد نے 23 رنز بنائے۔ریلی نورٹن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔جنوبی افریقی ٹیم نے 270 رنز کا ہدف 27 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔سٹیو سٹاک نے 13 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جبکہ وہ 37 گیندوں پر 87 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔دیوان مارئس نے 50 گیندوں پر 80 جبکہ ڈیوڈ ٹیگر نے 38 گیندوں پر 43 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔