ن لیگ، پی پی پی کی اتحادی حکومت نے 18 ماہ میں مہنگائی کے ریکارڈ بنائے:لیاقت بلوچ

Jan 28, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر)نائب امیر و امیدوار جماعت اسلامی حلقہ این اے 128 و 123 لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ن لیگ، پی پی پی کی اتحادی حکومت پی ڈی ایم نے 18 ماہ کے دورِ اقتدار میں پٹرول 126 روپے، ڈیزل 127 روپے، ڈالر 108 روپے، چینی 70 روپے، آٹا 95 روپے، گھی 210 روپے، بجلی 34 روپے یونٹ، گھریلو سلنڈر 1040 روپے، چاول 150 روپے فی کلو مزید مہنگے کیے۔ گیس، پانی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ سے مہنگائی کی شرح 16 فیصد سے 24 فیصد تک پہنچادی گئی۔ اب ن لیگ، پی پی پی دوبارہ ملک تباہ کرنے پر کمربستہ ہیں، عوام ووٹ کی طاقت سے انہیں شکست دینگے۔ جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلائے گی اور تھانہ، عدالتیں، سرکاری دفاتر، سرکاری سکول، سرکاری اسپتال عوام کی خدمت کیلئے بحال کرینگے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امید وار این اے 124 محمد جاویدقصوری نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی روکنے کا حکم دیرآیددرست آید کے مترادف ہے۔ عالمی عدالت نے تحقیقات کرنے اور غزہ میں انسانی امداد کی رسائی میں رکاوٹ ختم کرنے کا حکم بھی دیا، مگر یہودی وزیراعظم کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔

مزیدخبریں