لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت میں پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء نے کیس کو داخل دفتر کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے چوہدری نعیم الدین ایڈووکیٹ نے ابتدائی دلائل مکمل کر لئے۔ عدالت نے ملزموں کے وکیل برھان معظم ملک ایڈووکیٹ سے دلائل طلب کر لئے۔ انسداد دھشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔ دوران کیس کی سماعت عوامی تحریک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی نئی تفتیش اور جے آئی ٹی کے لیے ہماری درخواست لاہور ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ہماری درخواستوں پر ہائیکورٹ سے فیصلے تک کیس کو داخل دفتر کر دیا جائے۔ نئی جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ آنے سے پہلے ٹرائل شروع نہ کیا جائے ہم چاہتے ہیں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ سمیت تمام ملزموں کیخلاف ٹرائل ہو جس پر فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نو سال پرانا کیس ہے اس کو مزید لٹکانا مناسب نہیں۔