ایبٹ آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جس شخص کی ایک صوبے میں پندرہ برس حکومت رہی وہ شخص تعلیم کا منشور پیش کرے اور اس کے اپنے صوبے کے سکولوں میں بھینسیں بندھی ہوں تو یہ کیسا منشور ہے؟ ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم نے بہت عرق ریزی سے اپنا منشور بنایا جس کے ذریعے عوام کی تکالیف کا خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور شخص ہے جس کی کے پی میں دس سال حکومت رہی جس کے منشور میں لکھا ہے گھڑی چوری، وہ پٹرول بم لکھا ہے جو اس نے پولیس پر چلایا، عمران خان نے دوسروں کے بچوں کے ہاتھوں میں ہتھیار ڈنڈے دے کر ریاست پر حملے کرائے۔ شہداء کی یاد گاریں تباہ کرائیں، آج اس کے بچے لندن میں بیٹھے ہیں اور دوسروں کے بچے جیلوں میں پڑے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ کیا نواز شریف نے ایسا کوئی وعدہ کیا جو اس نے پورا نہیں کیا؟ ن لیگ نے تو لوگوں کے ہاتھوں میں ہتھیار کے بجائے لیپ ٹاپ دیئے۔
تعلیم کا منشور دینے والے کے اپنے صوبے کے سکولوں میں بھینسیں بندھی ہیں: مریم نواز
Jan 28, 2024