سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بغیر متحدہ مجلس عمل غیرموثراتحاد ہوگا، ایم ایم اے کی بحالی کیلئے وہ حکومت سے علیحدگی اختیارکرلیں۔

قاضی حسین احمد لاہور میں دورہ تفسیر قرآن کی افتتاحی تقریب کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں  نے کہا کہ ایم ایم اے کے ایک گروپ کا حکومتی اتحادی ہونا اور دوسرے کا حکومت مخالف تحریک چلانا اتحاد کیلئے درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا محمد خان شیرانی کے اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین بننے پر جماعت اسلامی کو اعتراض نہیں، تاہم جے یو آئی کا وزارتوں سے مستعفی ہونا ضروری ہے ۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ملک دشمن عناصر کی سازش ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہناتھا کہ جعلی ڈگریاں پارلیمنٹ پر دھبہ ہیں، سیاسی جماعتیں ذمہ داروں کا تعین کریں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی ڈگری کے حامل امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرنے والے الیکشن کمشن کے متعلقہ افراد کو بھی سزا دی جائے ۔

ای پیپر دی نیشن