سول ایوی ایشن اتھارٹی نےسانحہ مارگلہ کے ایک سال بعد عبوری تحقیقاتی رپورٹ تو جاری کردی۔ لیکن لواحیقین کو اب تک حادثے کی وجہ کوئی نہیں بتا سکا۔

سول ایوایشن اتھارٹی نے اٹھائیس جولائی دو ہزار دس کو حادثے کا شکار ہونے والی ائیر بلو کی پرواز اے بی کیو ٹو زیرو ٹو کی حادثاتی رپورٹ جاری کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں فرانس ،امریکہ،اورجرمنی کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں جبکہ اس کی تیاری میں عالمی سول ایوی ایشن کی ضروریات کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز ایک سو باون مسافروں کو لے کر صبح سات بج کراکتالیس منٹ پر روانہ ہوئی اور صبح نو بج کر اکتالیس منٹ پر اسلام آباد سے سترہ اعشاریہ سات کلو میٹر دور مارگلہ کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے ہر زاویئے سے تحقیقات کیں اورجہاز میں آگ لگنے پرندہ ٹکرانے، انسانی غلطی، ادارے کی غلطی اور ساختی خرابی سمیت تمام عوامل کا جائزہ لیاگیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر کے وفاقی حکومت کو تو بھجوادی ہے لیکن اس میں حادثے کی وجہ سامنے نہیں لائی گئی جس کے باعث حادثے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین کے تمام سوالات بدستور اپنی جگہ موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن