راولپنڈی(آن لائن)کشمیری قیاد ت نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی پالیسی واضح کرے۔میڈیا حکومت کی رہنمائی کرے تاکہ وہ اپنی پالیسی درست کرے،کشمیریوں کی تحریک آزادی پاکستان کی سلامتی کا اثاثہ ہے۔بھارت تحریک آزادی کو سبوتاژ کرانے کےلئے مقبوضہ کشمیر میں شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتا ہے۔جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر وکنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ پاکستان کی سلامتی بقا اور استحکام مسئلہ کشمیرکے حل سے مشروط ہے،مقبوضہ کشمیرمیںتوہین قرآن اور کشمیریوںکی شہادتیںعالمی ضمیر کے لئے کھلا چیلنج ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جماعت اسلامی آزا دجموںوکشمیرکے زیراہتمام اہل قلم اور اہل دانش کے ا عزاز میں دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حریت کانفرنس میر واعظ کے کنونیئر یوسف نسیم،حریت کانفرنس سید علی گیلانی کے کنونیئر غلام محمد صفی اور صحافی اور حامد میر نے خطاب کیا ،نائب امیر نورالباری نے شرکاءکا خیر مقدم کیا اورغلام نبی نوشہری کی دعا سے افطاری ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت پاکستان کی بحیثیت فریق مسئلہ کشمیرکے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں اداکرے۔بنگلا دیشن اورمقبوضہ کشمیرمیں ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو نظرانداز کرکے نوازشریف کی ہندوستان سے دوستی کی بے تابی سے کشمیریوںکو سخت تشویش ہے۔ وزیر اعظم پاکستان اولین فرست میں کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیں ان کے ساتھ مشاورت کریں ۔کشمیرکا بچہ بچہ آزادی کے لئے پرعزم ہے،کشمیریوںکو ہندوستان جیسے چالاک اور دشمن سے مقابلے کے لیے اپنی صفوںمیں اتحاد اور اتفاق پیداکرنے کی ضرورت ہے۔اس کا آغاز مقبوضہ کشمیرسے ہوسکتاہے حریت کانفرنس اپنے بنیاد ی چارٹر پر جمع ہوں،جنرل مشرف حریت کانفرنس کو تقسیم کرنے کے ذمہ دارہیںجو آج عبرت کا نشان بن چکے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام محمد صفی نے کہاکہ معرکہ بد ر کی طرح کشمیری بھی حق وباطل کے معرکے میںفتح مند ہوںگے۔کشمیری استقامت دکھائیںگے اور جہاد جاری وساری رکھیںگے تو فتح ان کے حصے میں آئے گی۔اپنی کمزوریوں کی اصلاح اور مستقبل پر نگاہ رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے تو آزاد ی کی منزل ضرور حاصل ہوگی۔
کشمیری قیادت