کراچی میں فائرنگ، کریکر حملے، 8 افراد جاں بحق، عزیر بلوچ کے گھر چھاپہ

Jul 28, 2013

کراچی (ثناءنیوز+ نوائے وقت نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں 8 افراد جا ں بحق جبکہ لیاری میں کریکر حملوں اور فائرنگ سے پانچ سالہ بچے سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ بہار کالونی میں دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ گارڈن کے علاقہ کشتی چوک کے قریب ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔ لانڈھی مانہرہ کالونی میں فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے 30 سالہ شخص زندگی کی بازی ہار گیا ۔ دبئی چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ لیاری کے علاقے سنگولین میں پولیس نے بدنام زمانہ ملزم کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے رکن عزیر بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران عزیر بلوچ کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تاہم 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا، اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس کے چھاپوں کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ ادھر کالا پل کے قریب گولیا ںمار کر ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ کنواری کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ماراگیا صدر میں گولیاں لگنے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔گلشن معمار میں بھی فائرنگ کرکے ایک شخص کی جان لے لی گئی۔ ادھر کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ویٹا چورنگی کے قریب گولیاں لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں نارتھ ناظم آباد سے پولیس نے مقابلے کے بعد چار سالہ عبدالرحمان مغوب بچے کو بازیاب کرا لیا۔ ایک خاتون سمیت چار اغواءکاروں کو حراست میں لے لیا۔ دریں اثناءانسداد بھتہ سیل نے کراچی میں وارداتوں میں استعمال ہونے والی سموں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا۔ ڈیٹا حساس اداروں کی مدد سے تیار کیا گیا۔ کراچی میں ایک لاکھ سے زائد سمیں بھتے کیلئے استعمال کی جا رہی ہیں۔ بیشتر سمیں غیر رجسٹرڈ ہیں۔ دریں اثناءکلفٹن کے علاقے میں دوسرے روز بھی پولیس کا سرچ آپریشن جاری رہا، 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

مزیدخبریں