کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ کے حساس ترین علاقہ ہزارہ ٹاﺅن میں مقامی لوگوں نے مشتبہ خودکش بمبار کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا، مرنیوالے کی شناخت نہیں ہو سکی۔ بتایا گیا ہے کہ افطاری سے کچھ دیر قبل ایک مشکوک شخص نے ہزارہ ٹاﺅن کے داخلی راستے پر جیسے ہی قدم رکھے علاقے کی حفاظت پر متعین مقامی افراد نے مشکوک شخص کو آواز دیکر روکا اور نہ رکنے پر فوراً گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ مذکورہ شخص کے جسم سے دھماکہ خیز مواد بندھا تھا جبکہ اسکی تحویل سے بھی دو دستی بم بھی برآمد ہوئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے ہی ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر مشتبہ شخص کی نعش تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ فیاض سنبل نے کہا مرنیوالا شخص خودکش حملہ آور تھا جو علاقے مکینوں کی بروقت کارروائی سے اپنے تخریبی مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکا۔ حملہ آور کی موت سر پر گولی لگنے سے ہوئی۔ حملہ آور کے جسم سے بندھا دھماکہ خیز مواد بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ڈی آئی جی فیاض خان سنبل نے بتایا پولیس کو شک تھا کہ شاید کوئی اور حملہ آور یا ہلاک خودکش حملہ آور کا کوئی ساتھی ہزارہ ٹاﺅن میں موجود ہوسکتا ہے اسلئے پولیس نے ہزارہ ٹاﺅن میں مکمل سرچ آپریشن کیا تاہم ہزارہ ٹاﺅن یا گردونواح میں کسی دوسرے حملہ آور یا ہلاک شدہ حملہ آور کے ساتھی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی۔ سی سی پی او میر زبیر کے مطابق خودکش حملہ آور ہزارہ ٹاﺅن کی مین مارکیٹ کے قریب پہنچ چکا تھا مگر اسے روک لیا گیا۔ انہوں نے کہا اس جگہ پر پہلے بھی دو خودکش حملے ہو چکے ہیں۔
کوئٹہ : ہزارہ ٹاﺅن میں دہشت گردی کی کوشش ناکام‘ لوگوں نے خودکش بمبار کو مار ڈالا
Jul 28, 2013