اسلام آباد + شکرگڑھ (سپیشل رپورٹ + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر سب سیکٹر نیزہ پیر میں پاکستان کی سرحدی چوکی اور سیالکوٹ میں ورکنگ باﺅنڈری سے ملحقہ گاﺅں ”جگوال“ پر بلااشتعال گولہ باری و فائرنگ کی، ایک فوجی جوان شہید، ایک شدید زخمی، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔ بھارتی فوج نے حسب سابق پاک فوج پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ہفتے کی صبح ساڑھے دس بجے بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے سب سیکٹر نیزہ پیر میں پاکستانی سرحدی چیک پوسٹ پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سپاہی عاصم اقبال جاںبحق جبکہ نائیک محمد خان زخمی ہو گئے۔ سپاہی عاصم اقبال کا تعلق راولپنڈی کے علاقے جھاوریاں سے تھا۔ بیان کے مطابق بھارتی فوج نے دوسرے واقعہ میں سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باﺅنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم اس فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بلااشتعال فائرنگ بھارت کی سرحدی فورسز کی جانب سے کی گئی جس کا پاک فوج نے م¶ثر جواب دیا اور جوابی فائرنگ سے دشمن کی توپوں کو خاموش کرا دیا۔ بیان کے مطابق فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد بھارتی فوج سے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ پاک فوج نے فلیگ میٹنگ طلب کرنے اور ذمہ دار بھارتی فوجیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مقامی اخبارکی رپورٹ کے مطابق ضلع پونچھ کے شنک ڈورہ سیکٹر میں 7:30 بجے سے 8:30 تک پاکستانی اوربھارتی فوجیوں کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے نزدیک علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی ایس ایف نے پاکستان بھارت سرحد پر واقع جگوال گاﺅں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیزہ پیر سب سیکٹر راولاکوٹ میں واقعہ سے ایسے وقت ہوا ہے جب دونوں ممالک تعلقات کی بہتری اور تصفیہ طلب تنازعات کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، ایسے واقعات سے دوطرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بیان میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائے اوراس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں، ذمہ دارکو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ادھر بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے کنٹرول لائن پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلع پونچھ میں بھارتی چوکیوں کو بھاری مشین گنوں اور آر پی جیز سے نشانہ بنایا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک اعلیٰ فوجی افسر نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فوج نے ہفتہ کی صبح ساڑھے سات بجے بھارتی چوکیوں پر فائرنگ کی جس کا بھارتی فوج نے م¶ثر انداز میں جواب دیا اور پانچ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فوجی افسرکے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ کے بعد اعلیٰ فوجی حکام صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ کنٹرول لائن پر تعینات فوجیوں کو چوکسی بڑھا نے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج نے گذشتہ چند ماہ میں کنٹرول لائن پر امن سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی ہے۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کی شکرگڑھ سیکٹر پر بلااشتعال اور بلاجواز فائرنگ سے پاکستانی دیہات کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بھارتی جارحیت کی مذمت کی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ بھارتی بی ایس ایف نے ورکنگ با¶نڈری پر واقع شکرگڑھ سیکٹر کے پاکستانی دیہات جگوال، ننگل وغیرہ پر فائرنگ کی تاہم چناب رینجرز حکام موقع پر پہنچ گئے۔ رینجرز کے جوانوں کی جوابی کارروائی سے بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔ رینجرز ذرائع نے بھارتی بی ایس ایف کی طرف سے فائرنگ کی تصدیق کی ہے۔ اے این این کے مطابق بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر نیزہ پیرسب سیکٹر میں پاکستانی سرحدی چوکی پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک جوان شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔ پاکستانی فوجی حکام نے بھارتی حکام سے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے واقعہ پر احتجاج ریکارڈ کرایا، فلیگ میٹنگ طلب کرنے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ضلع پونچھ کے شنک ڈورہ سیکٹر میں 7:30 بجے سے 8:30 تک پاکستانی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے نزدیک علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے راولاکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ ابزرو مشن سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا نوٹس لے اور بھارت کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
کنٹرول لائن : بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید‘ پاکستان کی شدید مذمت‘ تحقیقات کا مطالبہ
Jul 28, 2013