نارنگ منڈی+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) عطائی کے غلط انجکشن سے محنت کش، ڈاکٹروںکی مبینہ غفلت سے کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔ نواحی لدھیکے غربی میں متوفی سیٹھ جمیل رحمانی کو کمر درد ہوا اور عطائی نے زائد المعیاد انجکشن لگا دیا جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک ہوگئی اور اس نے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ شہریوں نے اعظم علی باجوہ کی قیادت میں عطائیوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا، نارنگ منڈی پولیس نے عطائی دانش مشتاق کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ صحت کی طرف سے آج تک کسی عطائی کے خلاف کوئی کارووائی نہیں ہوئی۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے عطائیت کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں شیخوپورہ موڑ کے رہائشی عامر کا آٹھ سالہ بیٹا ابوبکر چھت سے گر کر شدید زخمی ہوا جسے اس کے ورثاء طبی امداد کے لئے ہسپتال لے آئے جہاں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ ابوبکر کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈاکٹر ہیں۔
نارنگ منڈی: غلط انجکشن سے محنت کش، گوجرانوالہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچہ جاں بحق
Jul 28, 2015